نیو یارک۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ 50 لاکھ ڈالرز کی قیمت کا ایک نیا ’گولڈ کارڈ‘ متعارف کرانا چاہتے ہیں، جسے خرید کر افراد امریکا کی مستقل شہریت حاصل کرسکیں گے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ گولڈ کارڈ ای بی۔5 ویزہ پروگرام کا متبادل ہوگا، جس کے تحت ان افراد کو امریکی شہریت دی جاتی ہے جو امریکا میں سرمایہ کاری کے خواہش مند ہوتے ہیں۔

رپورٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہم گولڈ کارڈ بیچنے جارہے ہیں، جس کی قیمت 5 ملین ڈالرز ہوگی۔ یہ کارڈ نہ صرف گرین کارڈ کی مراعات فراہم کرے گا بلکہ اس کے ذریعے افراد امریکی شہریت بھی حاصل کرسکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس اسکیم سے دولت مند افراد امریکا کا رخ کریں گے اور ملک میں سرمایہ کاری کریں گے۔

صدر ٹرمپ نے یہ بھی بتایا کہ اس اسکیم کے متعلق مزید تفصیلات آنے والے ہفتوں میں جاری کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ ای بی۔5 ویزہ پروگرام 1990 میں کانگریس کی جانب سے منظور کیا گیا تھا، جس کے تحت بین الاقوامی سرمایہ کار امریکا میں سرمایہ کاری کرنے اور ملازمتیں پیدا کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے امریکی شہریت حاصل کرسکتے ہیں۔

Share.
Leave A Reply

Exit mobile version