اسلام آباد۔قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ جمہوریت، آئین اور قانون کی بحالی کے لیے سڑکوں، پارلیمنٹ اور عدالتوں میں جنگ کی جائے گی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی 2 روزہ آئین تحفظ کانفرنس آج ہوگی اور اس کے لیے تین مقامات مختص کیے گئے ہیں، جس کے میزبان شاہد خاقان عباسی ہوں گے۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ جمہوریت، آئین اور قانون کی بحالی کے لیے سڑکوں، پارلیمنٹ اور عدالتوں میں لڑائی جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے پانچ سے آٹھ اضلاع میں حکومتی رٹ مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے۔ انہوں نے بلوچستان کے وزیر سے درخواست کی کہ وہ روڈ پر چھینی گئی اسلحہ واپس لے کر دکھائیں، وزیر اعلیٰ کو اپنے وزیر کا چھینا ہوا اسلحہ واپس دلوانا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہو چکی ہے، کوہلو، پنجگور، گوادر، کیچ اور دیگر چار اضلاع میں حالات بہت خراب ہیں۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان اگر یہ کہتے ہیں کہ حالات ٹھیک ہیں، تو یہ ان کی ذاتی رائے ہے۔
قائد حزب اختلاف نے کہا کہ اس وقت حکومت کا کوئی وجود نہیں ہے، تمام حکومتی ارکان کٹھ پتلیاں ہیں۔ عمر ایوب نے یہ بھی کہا کہ اسلام آباد، راولپنڈی اور ہائی کورٹس میں پی ٹی آئی نے انتخابات جیتے ہیں، اور عنقریب عمران خان دوبارہ وزیر اعظم بنیں گے۔