مشہور فلمساز، ہدایتکار اور مصنف ادتیہ چوپڑا نے بلاک بسٹر فلم پٹھان کے دوسرے حصے کے اسکرپٹ کو حتمی شکل دے دی۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق، ادتیہ چوپڑا، سری دھار راگھون اور عباس تیروالہ نے مل کر ایک شاندار اور جذباتی کہانی تخلیق کی ہے، جو پہلے حصے کے مقابلے میں زیادہ وسیع اور سنسنی خیز ہوگی۔

ذرائع کے مطابق، ادتیہ چوپڑا نے پٹھان 2 کی کہانی کے حوالے سے بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان سے تبادلہ خیال کیا، اور وہ اس اسکرپٹ سے بے حد متاثر ہوئے ہیں۔

فلمساز نے تفصیلات ظاہر کیے بغیر بتایا کہ سیکوئل کی کہانی ناظرین کو حیران کر دینے والی ہوگی۔ ان کے مطابق، شاہ رخ خان کے پرستار انہیں اس کردار میں دیکھ کر حیرت زدہ رہ جائیں گے، کیونکہ یہ ایک انتہائی طاقتور کردار ہوگا۔

ادتیہ چوپڑا 2023 کے وسط سے اس کہانی پر کام کر رہے تھے، اور اسکرپٹ کی تکمیل میں طویل وقت اس لیے لگا کیونکہ اس میں کئی سنسنی خیز عناصر اور غیر متوقع موڑ شامل کیے گئے ہیں۔

پٹھان 2 کا اسکرپٹ مکمل ہونے کے بعد اب امید کی جا رہی ہے کہ فلم کی عکس بندی 2026 کے اوائل میں شروع کر دی جائے گی۔

اگرچہ پہلے حصے کے ہدایتکار سدھارتھ آنند اس بار فلم کی ہدایت دینے کے لیے دستیاب نہیں ہیں، تاہم ادتیہ چوپڑا ایک نئے ہدایتکار کی تلاش میں مصروف ہیں۔

واضح رہے کہ شاہ رخ خان اور دیپیکا پڈوکون کی 2023 میں ریلیز ہونے والی فلم پٹھان نے زبردست کامیابی حاصل کی تھی اور باکس آفس پر کئی ریکارڈز توڑ دیے تھے۔

Share.
Leave A Reply

Exit mobile version