پاکستانی طالبہ انارہ بہرام درانی نے سنگاپور میں منعقدہ اسٹیمکو سائنس گلوبل مقابلوں میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کیا اور عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا۔

ملک بھر سے صرف 15 پاکستانی طلباء فائنل مرحلے تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے، جہاں انہوں نے 13 ممالک کے 177 شرکاء کے ساتھ سخت مقابلہ کیا۔ اس سے قبل، پاکستان بھر سے 26,000 طلباء نے ابتدائی مرحلے میں شرکت کی، جن میں سے صرف پندرہ طلباء کو بین الاقوامی مقابلے میں جگہ ملی۔

ابتدائی مقابلے میں انارہ بہرام درانی نے پاکستان میں گولڈ میڈل حاصل کیا، اور پھر سنگاپور میں ہونے والے عالمی سطح کے اسٹیمکو سائنس مقابلے میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔

یہ بین الاقوامی مقابلہ 12 سے 17 فروری 2025 تک نیشنل یونیورسٹی آف سنگاپور میں منعقد ہوا، جہاں دنیا بھر سے نوجوان سائنسدانوں نے اپنی مہارتوں کا اظہار کیا۔

پاکستانی طلباء نے اس سے قبل انٹرنیشنل کینگرو سائنس مقابلے میں بھی نمایاں کامیابی حاصل کی تھی۔ سائنس میں خواتین کی بڑھتی ہوئی شرکت انتہائی اہمیت کی حامل ہے، اور انارہ بہرام درانی اس میدان میں ایک روشن مثال بن کر ابھری ہیں۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ اسٹیمکو سائنس مقابلہ نوجوان اذہان کو سائنسی تحقیق، اختراعات اور جدت طرازی کی طرف راغب کرنے کا ایک مؤثر عالمی پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔

Share.
Leave A Reply

Exit mobile version