پشاور۔خیبر پختونخوا میڈیکل فیکلٹی کے گزشتہ سال کے ہزاروں امتحانی پرچے غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ کسی بھی متعلقہ شعبے نے اس کی ذمہ داری قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

دستاویزات کے مطابق، سیکریسی اور کنڈکٹ سیکشن نے بھی ان پرچوں کی موجودگی سے لاعلمی ظاہر کی ہے، جس سے ہزاروں طلباء کے مستقبل پر سنگین سوالات اٹھ گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق، ڈائریکٹر جنرل فیکلٹی نے تمام متعلقہ محکموں کو خطوط لکھ کر وضاحت طلب کی تھی، تاہم سات روز گزرنے کے باوجود یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ حل شدہ امتحانی پرچوں کو محفوظ رکھنے کی ذمہ داری کس کے سپرد تھی۔

پیرامیڈیکل امتحانات میں شرکت کرنے والے ہزاروں طلباء کے جوابی پرچے کہیں دستیاب نہیں، جس کی وجہ سے ان کی اسناد کی تصدیق میں مشکلات پیش آ رہی ہیں اور طلباء کو شدید ذہنی دباؤ کا سامنا ہے۔

فیکلٹی کے کسی بھی شعبے کی جانب سے ذمہ داری قبول نہ کرنے کی وجہ سے معاملہ مزید الجھ گیا ہے، جس پر طلباء اور ان کے والدین نے شدید احتجاج کیا ہے۔

طلباء اور والدین نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور اس بحران کے حل کے لیے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ متاثرہ طلباء کا تعلیمی مستقبل محفوظ بنایا جا سکے۔

Share.
Leave A Reply

Exit mobile version