گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری سے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا نام سابق وزیرِاعظم بینظیر بھٹو کے نام پر رکھنے کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے اپنے خط میں یہ یاد دہانی کرائی کہ 21 جون 2008 کو اُس وقت کے وزیرِاعظم نے قومی اسمبلی میں اس ایئرپورٹ کا نام بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ رکھنے کا اعلان کیا تھا، جو محترمہ بینظیر بھٹو کی جمہوری، سیاسی اور عوامی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے تھا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے خط میں اس بات کو بھی ذکر کیا کہ 9 اگست 2008 کو سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اس اعلان کو عملی طور پر اپناتے ہوئے ایئرپورٹ کا نام تبدیل کر کے “بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ” رکھا تھا۔ ان کے مطابق، دنیا بھر کے کئی ممالک میں قومی ہیروز کے نام پر ایئرپورٹس موجود ہیں، اور اس اقدام سے نہ صرف محترمہ بینظیر بھٹو کی قربانیوں کو یاد کیا جائے گا، بلکہ یہ عوامی مفاد میں بھی ہوگا۔
فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم اور صدر مملکت سے درخواست کی کہ عوام کے شدید مطالبے کو مدنظر رکھتے ہوئے اس سلسلے میں ضروری ہدایات جاری کی جائیں تاکہ اس فیصلے کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے نہ صرف ملکی ترقی اور خوشحالی میں اضافہ ہوگا، بلکہ یہ شہید بینظیر بھٹو کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا ایک زبردست طریقہ ہوگا۔