اسلام آباد۔پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین براہ راست تجارت کا دوبارہ آغاز ہو گیا ہے، اور سرکاری سطح پر پہلا تجارتی کارگو پورٹ قاسم سے روانہ کر دیا گیا۔
دونوں ممالک کے درمیان براہ راست تجارتی تعلقات کی بحالی سقوطِ ڈھاکہ کے بعد پہلی بار ممکن ہوئی ہے۔
یہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سرکاری سطح پر تجارت کے آغاز کا پہلا قدم ہے۔ بنگلہ دیش، پاکستان کے سرکاری ادارے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے ذریعے مجموعی طور پر 50 ہزار ٹن اری چاول خریدے گا، جس کا معاہدہ فروری کے پہلے ہفتے میں طے پایا تھا۔
یہ آرڈر دو مراحل میں مکمل کیا جائے گا، اور 25 ہزار ٹن کی اگلی کھیپ مارچ کے آغاز میں روانہ کی جائے گی۔ اس تجارتی سرگرمی کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات اور براہ راست شپنگ کا عمل بھی بحال ہو جائے گا۔
پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) کا کارگو جہاز پہلی بار سرکاری سامان لے کر بنگلہ دیش کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہوگا، جو دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط میں ایک اہم پیش رفت ہے۔