چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں پاکستان کے خلاف سنچری بنا کر نیوزی لینڈ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرنے والے ول ینگ نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم کا اصل ہدف سیمی فائنل میں جگہ بنانا ہے، اور اس کامیابی پر وہ بے حد خوش ہیں۔

میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کیوی اوپنر نے کہا کہ پاکستان کے خلاف شاندار جیت کے بعد اب ان کی نظریں بھارت کو شکست دے کر فائنل فور میں رسائی حاصل کرنے پر ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بدھ کو ہونے والے میچ میں ان کی ٹیم نے بہترین شراکت داریاں قائم کیں، جس کے نتیجے میں میزبان ٹیم کے لیے ایک بڑا ہدف سیٹ کرنے میں کامیاب رہے۔ پاور پلے میں جارحانہ بیٹنگ نے ٹیم کو فائدہ پہنچایا، اور بیٹرز نے حاوی کھیل پیش کیا۔

ول ینگ نے بولرز کی کارکردگی کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نپی تلی گیندبازی سے پاکستانی بیٹنگ لائن کو دباؤ میں رکھا۔ بھارت کے خلاف میچ کے لیے ٹیم ذہنی طور پر مکمل تیار ہے اور امید ہے کہ فتح ہمارے نام رہے گی۔

Share.
Leave A Reply

Exit mobile version