آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 60 رنز سے ہرا دیا۔ کیویز کے دیے گئے 321 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم 260 رنز پر ہی محدود رہ گئی۔
کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلے میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 320 رنز جوڑے۔ ول ینگ اور ٹام لیتھم نے شاندار سنچریاں اسکور کیں، جس کے باعث ٹیم ایک مستحکم مجموعہ کھڑا کرنے میں کامیاب رہی۔
جواب میں پاکستانی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار رہی اور پوری ٹیم 47.2 اوورز میں 260 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو آغاز میں ہی دھچکا لگا جب فخر زمان فیلڈنگ کے دوران انجری کا شکار ہوکر میدان سے باہر چلے گئے اور قانون کے تحت ابتدائی 20 منٹ تک بیٹنگ نہ کر سکے۔
قومی ٹیم کا آغاز متاثر کن نہ رہا۔ فخر زمان کی غیرموجودگی میں سعود شکیل اور بابراعظم نے اننگز کا آغاز کیا، لیکن سعود 19 گیندوں پر محض 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ان کے بعد کپتان محمد رضوان بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹک سکے اور 14 گیندوں پر صرف 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
فخر زمان جب بیٹنگ کے لیے آئے تو وہ بھی زیادہ دیر کریز پر نہ رک سکے اور 41 گیندوں پر صرف 24 رنز بنا سکے۔ سلمان علی آغا نے کچھ مزاحمت دکھائی اور 28 گیندوں پر 42 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، تاہم وہ بھی زیادہ دیر نہ ٹک سکے۔
بابراعظم نے محتاط بیٹنگ کا مظاہرہ کیا لیکن وہ اپنی ٹیم کو مشکلات سے نکالنے میں ناکام رہے۔ انہوں نے 90 گیندوں پر 64 رنز بنائے لیکن ان کا اسٹرائیک ریٹ صرف 71 رہا، جو مطلوبہ رن ریٹ کے مقابلے میں کم تھا۔
خوشدل شاہ نے آخری لمحات میں زبردست کوشش کی اور 49 گیندوں پر 69 رنز بنائے، جس میں ایک چھکا اور 10 چوکے شامل تھے، مگر تب تک بہت دیر ہوچکی تھی۔ دیگر کھلاڑیوں میں شاہین شاہ آفریدی 14، نسیم شاہ 13 اور حارث رؤف 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
کیویز کی جانب سے کپتان مچل سینٹنر اور ول او آرک نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ میٹ ہینری نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مائیکل بریسویل اور گلین فلپس نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔