اسلام آباد۔وزیرِاعظم شہباز شریف نے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے چیف جسٹس ہاؤس میں ملاقات کی اور ٹیکس مقدمات کے جلد اور شفاف فیصلوں کی درخواست کی، جبکہ چیف جسٹس نے عدالتی نظام میں بہتری کے لیے وزیرِاعظم سے تجاویز طلب کر لیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق، وزیرِاعظم شہباز شریف نے چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی سے چیف جسٹس ہاؤس میں ملاقات کی، جہاں انہوں نے چیف جسٹس کو ان کے منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیرِاعظم نے چیف جسٹس کے دور دراز علاقوں، بشمول جنوبی پنجاب، اندرونِ سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے دوروں کو سراہا، اور انصاف کی فوری اور مؤثر فراہمی کے لیے تمام متعلقہ فریقین سے مشاورت کے عمل کی تعریف کی۔
اس ملاقات میں وزیرِاعظم نے ملکی اقتصادی صورتحال، مالیاتی اور سیکیورٹی چیلنجز پر بھی گفتگو کی۔ انہوں نے ملک کی عدالتوں میں زیر التوا ٹیکس مقدمات پر روشنی ڈالی اور ان کے جلد فیصلے کرنے کی درخواست کی۔
چیف جسٹس نے وزیرِاعظم سے عدالتی نظام کی بہتری کے لیے تجاویز مانگیں اور وزیرِاعظم کی جانب سے عدالتی اصلاحات کے بارے میں دی گئی آرا کا خیر مقدم کیا۔
وزیرِاعظم نے لاپتا افراد کے مسئلے پر مؤثر اقدامات تیز کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔
ملاقات میں وزیرِ قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وزیرِ اقتصادی امور احد خان چیمہ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، رجسٹرار سپریم کورٹ محمد سلیم خان، اور سیکریٹری لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان تنزیلہ صباحت بھی موجود تھے۔
سپریم کورٹ کا اعلامیہ
سپریم کورٹ آف پاکستان نے وزیرِاعظم اور چیف جسٹس کی ملاقات سے متعلق اعلامیہ جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ وزیرِاعظم نے چیف جسٹس کی دعوت پر ملاقات کی۔
اعلامیے کے مطابق، وزیرِاعظم کی یہ ملاقات عدالتی اصلاحات کے ایجنڈے کا حصہ تھی، اور چیف جسٹس نے عدالتی پالیسی ساز کمیٹی کے اجلاس کے ایجنڈے پر تجاویز طلب کی تھیں۔
ملاقات کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ عدالتی پالیسی سازی میں اپوزیشن کو بھی شامل کیا جائے گا اور ان سے تجاویز لی جائیں گی تاکہ اصلاحات غیر متنازع اور دیرپا ثابت ہوں۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ وزیرِاعظم کے ہمراہ وزیرِ قانون اور مشیر احمد چیمہ بھی موجود تھے، جبکہ رجسٹرار سپریم کورٹ اور سیکریٹری لاء اینڈ جسٹس کمیشن بھی اجلاس میں شریک ہوئیں۔چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے وزیرِاعظم کو اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔