کوئٹہ۔بلوچستان کے ضلع بارکھان کے علاقے رڑکن میں مسلح حملہ آوروں نے مسافر بس کے 7 مسافروں کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے قومی شاہراہ پر رکاوٹ کھڑی کرکے مسافر بس کو زبردستی روکا اور 7 مسافروں کو اتار کر فائرنگ کر دی۔ متاثرہ بس کوئٹہ سے فیصل آباد کی جانب رواں دواں تھی۔
ایک عینی شاہد، جو کہ بوریوالا کا رہائشی ہے، نے بتایا کہ حملہ آوروں کی تعداد 10 سے 12 تھی، اور وہ جدید ہتھیاروں سے لیس تھے۔ وہ بس میں سوار دیگر مسافروں کے ہمراہ کوئٹہ سے ملتان جا رہے تھے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق مسلح افراد تاحال قومی شاہراہ پر موجود ہیں، جس کے باعث کوئٹہ انتظامیہ نے احتیاطی تدابیر کے تحت رکھنی، بیواٹہ اور میختر کے مقامات پر مسافر گاڑیوں کو عارضی طور پر روک دیا ہے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتولین کو ان کے قومی شناختی کارڈ دیکھنے کے بعد بس سے اتارا گیا اور پھر انہیں نشانہ بنایا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر بارکھان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مسافر بس کے 7 افراد کو زبردستی اتار کر قتل کر دیا گیا۔