ڈیرہ غازی خان ۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایک سیاست دان مجھ پر یہ الزام لگاتا تھا کہ میں بیرون ملک جا کر مالی مدد طلب کرتا ہوں، میں پوچھتا ہوں کہ آپ کیا وہاں رقم تقسیم کرنے جاتے تھے؟
ڈیرہ غازی خان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ یہاں آ کر بے حد خوشی ہوئی اور پرتپاک استقبال پر عوام کا شکر گزار ہوں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کی معیشت بہتری کی راہ پر گامزن ہے، اور ملک کی ترقی وزیر اعظم نواز شریف کے ویژن کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ترقیاتی کام نواز شریف کے دور حکومت میں عروج پر تھے اور اب مریم نواز شریف عوامی خدمت میں مصروف ہیں۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ہم نے عوام کی فلاح کے لیے انتھک محنت کی، اور میں نے بطور وزیر اعلیٰ خود کو عوامی خدمت کے لیے وقف کیا۔ صحت، تعلیم، اور صنعتی ترقی کے لیے منصوبے متعارف کرائے گئے تاکہ عوام کو روزگار فراہم کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے لیے تمام صوبے برابر ہیں، سندھ، بلوچستان، پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کی ترقی میرا مشن ہے۔ میں نے اپنے تمام غیر ملکی دوروں میں پاکستان کی ترقی کو ترجیح دی اور ہم ملک کی تقدیر بدلیں گے۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے ڈیرہ غازی خان میں کینسر اسپتال اور راجن پور میں یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کیا۔
بجلی کے مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اویس لغاری نے توانائی کے شعبے میں نمایاں بہتری کے لیے کام کیا ہے، اور ہم بجلی کے بلوں میں کمی کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو مہنگائی کی شرح 40 فیصد تھی، لیکن نواز شریف نے ملکی مفاد میں اپنی سیاست داؤ پر لگا دی، اور اب مہنگائی کم ہو کر 2.4 فیصد کی سطح پر آ چکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے لیے اسلام آباد پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی گئی، جس کا خاتمہ ضروری ہے۔
وزیر اعظم نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب تک زندگی ہے، پاکستان کو عظیم ملک بنانے کی جدوجہد جاری رہے گی اور ہم ہندوستان کو شکست دیں گے۔