راولپنڈی ۔چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی عوام کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم کسی بھی صورت انتہا پسند عناصر کو اپنی گمراہ کن نظریات ملک پر تھوپنے نہیں دیں گے۔
پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے ملک بھر سے آئے ہوئے مختلف جامعات اور کالجز کے طلبہ سے خطاب کیا۔
آرمی چیف نے طلبہ کو تعلیمی میدان میں عمدہ کارکردگی دکھانے اور ایسی مہارتیں حاصل کرنے کی تاکید کی جو انہیں قومی ترقی میں فعال کردار ادا کرنے کے قابل بنائیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، آرمی چیف نے پاکستان پر بیرونی عوامل کے اثرات، خاص طور پر سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کے خطرے پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔
جنرل عاصم منیر نے نوجوانوں کی توانائی، تخلیقی صلاحیتوں اور جدت پسند رجحان کی تعریف کی اور کہا کہ یہی نوجوان پاکستان کے مستقبل کے معمار ہیں۔
انہوں نے ملک کی خودمختاری اور جغرافیائی سلامتی کے دفاع میں مسلح افواج کے کردار کو اجاگر کیا۔
آرمی چیف نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے میں قوم کی بے پناہ قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے، مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام کے غیر متزلزل تعاون کو سراہا۔
اس موقع پر جنرل عاصم منیر نے نوجوانوں کو حب الوطنی کے جذبے کو اپنانے کی نصیحت کی اور کہا کہ یہ عناصر نوجوانوں کی فکری تربیت میں بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے پاکستان بھر سے مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام، خصوصاً نوجوان، پاک فوج کے ساتھ گہرا تعلق رکھتے ہیں۔