سابق ٹیسٹ کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں کم از کم دو سے تین تبدیلیاں لازمی ہیں، نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کر کے انہیں مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

چیمپئنز ٹرافی میں مایوس کن کارکردگی
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی باعثِ افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہوتی ہے، لیکن ٹیم سے جو توقعات وابستہ تھیں، نتائج اس کے مطابق نہیں رہے۔

مستقبل کی حکمت عملی پر زور
وسیم اکرم نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی پر کافی بحث ہو چکی ہے، اب ہمیں آگے دیکھنا ہوگا اور مستقبل کی منصوبہ بندی کرنی ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کا پاکستان میں انعقاد ایک مثبت پیش رفت ہے۔

وسیم اکرم کا چھ بڑے کھلاڑیوں کو نکالنے کا مطالبہ
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد وسیم اکرم نے قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر برہمی کا اظہار کیا تھا اور چھ بڑے کھلاڑیوں کو ٹیم سے فارغ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے کی ضرورت
وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم بار بار شکستوں سے دوچار ہو رہی ہے، اب وقت آگیا ہے کہ وائٹ بال کرکٹ میں ایسے نوجوان کھلاڑی شامل کیے جائیں جو خوفزدہ ہوئے بغیر جارحانہ کرکٹ کھیل سکیں۔

Share.
Leave A Reply

Exit mobile version