پشاور کے علاقے ورسک روڈ پر معروف خاتون ٹک ٹاکر سائیکو ارباب پراسرار طور پر جاں بحق ہوگئیں، جن کی نعش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔

خاتون ٹک ٹاکر کی موت پر مختلف خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے، تاہم پولیس نے جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

پولیس کو دیے گئے بیان میں محمد یسین نامی شخص، جو کہ اسلام آباد کا رہائشی اور متوفیہ کا بھائی بتایا جاتا ہے، نے کہا کہ اس کی بہن سیما گل عرف سائیکو ارباب ایک مشہور ٹک ٹاکر تھیں۔ اسے اطلاع ملی کہ اس کی بہن ورسک روڈ پر واقع گھر میں موجود تھیں، جہاں ان کی طبیعت اچانک بگڑ گئی۔

انہوں نے شبہ ظاہر کیا کہ موت نشہ آور چیز کھانے کی وجہ سے ہوئی ہو سکتی ہے، لیکن طبعی موت کے امکان کو بھی رد نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد معلوم ہو سکے گی۔ جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔

واضح رہے کہ متوفیہ اپنی ٹک ٹاک ویڈیوز کے باعث کافی مشہور تھیں اور ان کے متعدد ویڈیوز سوشل میڈیا پر موجود ہیں۔

Share.
Leave A Reply

Exit mobile version