ریاض۔سعودی عرب میں رمضان المبارک کے آغاز کی متوقع تاریخ سامنے آگئی ہے۔عرب میڈیا کے مطابق، سعودی ایوانِ شاہی کے مشیر اور سعودی علما بورڈ کے رکن، شیخ عبد اللہ بن سلیمان المنیع نے بتایا ہے کہ فلکیاتی حسابات کے مطابق سعودی عرب میں پہلا روزہ ہفتہ، یکم مارچ کو ہوگا۔ ان کے مطابق اس سال رمضان المبارک 29 دن پر مشتمل ہوگا اور آخری روزہ 29 مارچ کو رکھا جائے گا، جبکہ عید الفطر کا امکان 30 مارچ کو ظاہر کیا گیا ہے۔
شیخ عبد اللہ بن سلیمان کے مطابق، جمعہ 29 رجب کی رات 3 بج کر 44 منٹ پر رمضان کے چاند کی پیدائش ہوگی۔ سورج غروب ہونے کے بعد چاند تقریباً 32 منٹ تک افق پر موجود رہے گا، جس کی بدولت چاند دیکھنا آسان ہوگا۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ تمام تفصیلات فلکیاتی حسابات پر مبنی ہیں اور رمضان المبارک کے آغاز کا حتمی اعلان سعودی سپریم کورٹ کی جانب سے کیا جائے گا۔