اسلام آباد ۔پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر جنید اکبر خان نے کہا ہے کہ محسن نقوی ایک سیاسی شخص نہیں ہیں، اور ان کا بیان ڈی چوک سانحے کی تصدیق کرتا ہے، جس کا حساب ہم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ محسن نقوی کو مستقبل میں کبھی حکومت اور اداروں کی حمایت حاصل نہیں ہوگی۔
صوابی جلسہ کے لیے مختص جگہ کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جنید اکبر خان نے اعلان کیا کہ 8 فروری کو صوابی موٹروے انٹرچینج کے قریب ایک تاریخی جلسہ منعقد ہوگا اور عوام سے درخواست کی کہ وہ ہر علاقے سے متبادل راستوں پر جلسہ گاہ پہنچنے کی کوشش کریں۔
جنید اکبر خان نے مزید کہا کہ جلسہ کے لیے ہم پنجاب کے عوام پر نہیں، بلکہ خیبرپختونخوا کے عوام پر انحصار کرتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پنجاب حکومت راستوں میں رکاوٹیں ڈال کر اپنی پرانی روایت کو دہرائے گی۔
جنید اکبر خان نے محسن نقوی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ محسن نقوی سیاسی طور پر تجربہ کار نہیں ہیں اور انہوں نے ایک بیان دے کر ڈی چوک سانحے کی تصدیق کی ہے۔