لاہور۔وزیراعظم شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ، شازیہ مری، اور ڈپٹی اسپیکر غلام مصطفیٰ شاہ سے ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی حالات پر گفتگو کی گئی۔
ذرائع کے مطابق، اتوار کے روز وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی غلام مصطفیٰ شاہ، اراکین اسمبلی خورشید شاہ اور شازیہ مری بھی شریک تھے، جبکہ دیگر اراکین قومی اسمبلی بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے غلام مصطفیٰ شاہ کو ان کے بیٹے کی شادی پر مبارکباد پیش کی اور ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیل سے بات چیت کی گئی۔
علاوہ ازیں، وزیراعظم شہباز شریف نے انسداد پولیو مہم کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کے بہتر ہوتے ہوئے اشاریے، عالمی سرمایہ کاروں اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کا پاکستان پر بڑھتا ہوا اعتماد خوش آئند ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتیں باہمی تعاون سے کام کر رہی ہیں۔