کراچی ۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر کسی بیوروکریٹ یا وزیراعلیٰ سے شکایت ہو تو براہ راست انہیں بتایا جائے، کسی اور جگہ پر شکایت کرنے کی ضرورت نہیں ہے، ہم تاجروں کے مسائل حل کرنے کے لیے ان کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔
یہ بیان بلاول بھٹو نے کراچی میں تاجر برادری کے اعزاز میں منعقد کی گئی ایک تقریب کے دوران دیا، جس میں انہوں نے تاجروں سے بات چیت کی اور ان کے مسائل سنے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ میں مسائل کے حل کے لیے پیپلز پارٹی ذمہ دار ہے، اور ہمیں آگاہ کیا جائے تاکہ ہم ان پر کارروائی کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں امن و امان کی صورتحال پیپلز پارٹی کی حکومت کے باعث بہتر ہوئی ہے، اور آج کوئی تاجر بھتہ نہیں مانگ رہا، صنعتیں بند نہیں کی جا رہی ہیں، اور آپ کی زندگی کو کوئی خطرہ نہیں۔
بلاول بھٹو نے تاجر برادری کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے مسائل بہت پہلے حل ہو جانے چاہیے تھے۔ انہوں نے سوال کیا کہ “کیا میں نے کبھی آپ کو تنگ کیا؟” اور کہا کہ “میں کیوں چاہوں گا کہ میرے یا میری حکومت کے نام پر تاجروں کو تنگ کیا جائے؟”
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ماضی کے حالات اب تاریخ کا حصہ بن چکے ہیں اور اب ہوائی باتوں کا خاتمہ ہونا چاہیے۔
اس موقع پر بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ تاجروں کی بات سنیں گے۔
چند روز قبل وفاقی وزیر احسن اقبال کی ملاقات کے دوران تاجر رہنما عتیق میر نے کہا تھا کہ “کچھ عرصے کے لیے مریم نواز ہمیں دے دیں اور مراد علی شاہ آپ رکھ لیں”، جس پر سندھ حکومت نے سخت ردعمل کا اظہار کیا۔ سندھ حکومت کی ترجمان سعدیہ جاوید نے کہا کہ مراد علی شاہ منتخب وزیراعلیٰ ہیں، اور کسی خوشامدی بیان سے حقیقت نہیں بدلی جا سکتی۔