اسلام آباد۔الیکشن کمیشن نے ووٹروں کی رجسٹریشن کے لحاظ سے دس بڑے اضلاع کی نئی فہرست جاری کی ہے، جس کے مطابق کراچی کے چاروں اضلاع میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد لاہور سے کم رہی۔
تفصیلات کے مطابق، دس بڑے اضلاع میں لاہور پہلے نمبر پر، فیصل آباد دوسرے نمبر پر، اور راولپنڈی تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
لاہور کے رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 71 لاکھ 70 ہزار ہے، جبکہ کراچی کے چاروں اضلاع میں یہ تعداد 62 لاکھ 34 ہزار تک محدود رہی۔
فیصل آباد، جو دوسرے نمبر پر ہے، وہاں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 54 لاکھ 77 ہزار تک پہنچ گئی، جبکہ راولپنڈی میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 34 لاکھ 8 ہزار ہے۔
ملتان میں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 32 لاکھ 17 ہزار، رحیم یار خان میں 31 لاکھ 46 ہزار، سیالکوٹ میں 28 لاکھ 88 ہزار، گوجرانوالہ میں 28 لاکھ 71 ہزار، اور قصور میں یہ تعداد 23 لاکھ 15 ہزار تک جا پہنچی۔
رجسٹرڈ ووٹرز کے حوالے سے تازہ ترین اعداد و شمار بھی جاری کیے گئے ہیں، جن کے مطابق ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 13 کروڑ 26 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر میں ووٹرز کی مجموعی تعداد 13 کروڑ 26 لاکھ 68 ہزار 515 ہے، جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 7 کروڑ 12 لاکھ 75 ہزار 222 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 6 کروڑ 13 لاکھ 93 ہزار 293 ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 11 لاکھ 70 ہزار 844 ہے۔
ملک کے سب سے بڑے صوبے، پنجاب میں، رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 7 کروڑ 55 لاکھ 45 ہزار 995 ہے، جبکہ سندھ میں یہ تعداد 2 کروڑ 78 لاکھ 24 ہزار 70 ہے۔
خیبر پختونخوا میں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 2 کروڑ 25 لاکھ 89 ہزار 371 ہے، اور بلوچستان میں یہ تعداد 54 لاکھ 37 ہزار 699 تک محدود ہے۔