اسلام آباد ۔وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ میاں بیوی نے ٹرسٹ قائم کرکے 200 کنال زمین اور انگوٹھیاں حاصل کیں، جو کرپشن کی ایک واضح مثال ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کے فیصلے کو عالمی میڈیا نے کرپشن کی سرخیوں میں نمایاں کیا۔ اس کیس میں مضبوط شواہد موجود ہیں، اور میاں بیوی کی جانب سے ٹرسٹ کے ذریعے زمین اور دیگر فوائد حاصل کرنے کا عمل کرپشن کی بدترین مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ بند لفافے میں کابینہ کے سامنے پیش کیا گیا تھا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ نے بھی واضح کیا کہ حکومت پاکستان کے پیسے کا غلط استعمال ہوا اور عوام کے اربوں روپے لوٹے گئے۔ نیب نے اس بات پر زور دیا ہے کہ دبئی کے منصوبے میں لگایا گیا پیسہ منی لانڈرنگ کے زمرے میں آتا ہے۔ 190 ملین پاؤنڈ کا معاملہ ایک واضح اور آسان کیس تھا، جس میں ضبط شدہ رقم حکومت پاکستان کی ملکیت تھی۔
عطا اللہ تارڑ نے تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے کو سیرت سے جوڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذہب کو سیاست سے الگ رکھا جائے اور اپنی کرپشن اور رشوت کے بارے میں جواب دیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذہب کے پیچھے چھپ کر اپنے گناہ چھپانے کی کوشش نہ کریں۔