اسلام آباد۔خیبرپختونخوا حکومت نے نگران دور میں بھرتی ہونے والے 16 ہزار سرکاری ملازمین کو برطرف کرنے کے لیے ایک بل تیار کر لیا ہے، جو آج خیبرپختونخوا اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کے 2025 کے ایجنڈے میں شامل اس بل میں کہا گیا ہے کہ نگران دور میں غیر قانونی طور پر بھرتی کیے گئے ملازمین کو ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بل کے مطابق، بل کے منظور ہونے کے بعد متعلقہ ادارے نوٹیفیکیشن جاری کریں گے، جس کے تحت غیر قانونی طور پر بھرتی ہونے والے ملازمین کو برطرف کر دیا جائے گا۔
بل میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر کسی مقام پر قانونی پیچیدگیاں آئیں تو ایک کمیٹی ان کا جائزہ لے گی۔ اس سلسلے میں سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کی سربراہی میں 6 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس میں ایڈووکیٹ جنرل، محکمہ خزانہ، انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے سیکریٹریز شامل ہوں گے۔ کمیٹی کا فیصلہ تمام متعلقہ افراد پر لاگو ہوگا۔