ملتان۔سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 127 رنز سے شکست دے کر 0-1 کی سبقت حاصل کرلی۔
تیسرا دن
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ کے تیسرے روز پاکستان نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا۔ مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل بغیر کوئی رنز جوڑے آؤٹ ہوگئے، جبکہ کامران غلام نے 27 رنز بنائے۔ دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان 2، نعمان علی 9، آغا سلمان 14، ساجد خان 5 اور خرم شہزاد صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ پاکستانی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 157 رنز پر آل آؤٹ ہوئی اور ویسٹ انڈیز کو 251 رنز کا ہدف دیا۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے جومل واریکن نے 7 جبکہ گڈاکیش موتی نے 1 وکٹ حاصل کی۔
مہمان ٹیم نے 251 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا لیکن ایک بار پھر ان کا آغاز ناقص رہا۔ کپتان کریگ براتھویٹ نے 12، میکائل لوئس نے 13، کیسی کارٹی نے 6، کیویم ہوج نے صفر اور جسٹن گریوز نے 9 رنز بنائے۔ ٹیون املاچ 14، کیون سنکلیئر 10 جبکہ گڈاکیش موتی اور جومل واریکن بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ ایلک ایتھنیز نے 55 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی لیکن وہ ٹیم کو کامیابی کی جانب لے جانے میں ناکام رہے۔
پاکستان کی طرف سے ساجد خان نے 5 اور ابرار احمد نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
دوسرا دن
دوسرے دن کا آغاز پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز کے ساتھ کیا۔ محمد رضوان اور سعود شکیل نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 141 رنز کا اضافہ کیا۔ سعود شکیل 84 اور محمد رضوان 71 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں سلمان آغا 2، نعمان علی صفر، ساجد خان 18 اور خرم شہزاد 7 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ یوں پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 230 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے جومل واریکن اور جیڈن سیلز نے 3،3 جبکہ کیون سنکلیئر نے 2 اور گڈاکیش موتی نے 1 وکٹ لی۔
ویسٹ انڈیز نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو اسپنر ساجد خان نے ابتدائی 4 کھلاڑیوں کو جلدی آؤٹ کردیا۔ نعمان علی نے 5 جبکہ ابرار احمد نے 1 وکٹ حاصل کی۔ مہمان ٹیم 137 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی اور 93 رنز کے خسارے میں رہی۔
پاکستان نے دوسری اننگز میں پراعتماد آغاز کیا۔ شان مسعود نے 52 اور محمد ہریرہ نے 29 رنز بنائے۔ بابر اعظم 5 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ دوسرے دن کے اختتام پر کامران غلام 9 اور سعود شکیل 2 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔
پہلا دن
میچ کے پہلے دن پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے۔ محمد ہریرہ نے 6، شان مسعود نے 11، کامران غلام نے 5 اور بابر اعظم نے 8 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیڈن سیلز نے 3 جبکہ گڈاکیش موتی نے 1 وکٹ لی۔
ٹاس خراب موسم کے باعث تاخیر کا شکار ہوا، تاہم دوپہر 1 بجے ٹاس اور ڈیڑھ بجے میچ کا آغاز ہوا۔ کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاکہ بڑا اسکور بناکر حریف ٹیم کو دباؤ میں لایا جاسکے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی مبارکباد
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی جیت پر قومی ٹیم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے خاص طور پر ساجد خان کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ پوری قوم کو اپنی ٹیم پر فخر ہے۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ کامیابیوں کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔