لاہور۔پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ن لیگ کے خلاف ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی، اور بانی پی ٹی آئی مکافات عمل کا شکار ہو گئے ہیں، کیونکہ جو شخص دوسروں کے لیے گڑھا کھودتا ہے، وہ خود اس میں گر جاتا ہے۔
ہفتے کو نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف نے اربوں اور کھربوں کے منصوبے لگائے، اور ان پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں تھا، ان کو وزارت عظمیٰ سے بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر ہٹایا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کل کے فیصلے نے عمران خان کی صداقت اور امانت پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کے عوام اب 190 ملین پاؤنڈ کے فیصلے کو جان چکے ہیں، اور بانی پی ٹی آئی نے این سی اے کو خط لکھا تھا جس پر تحقیقات شروع کی گئی۔ این سی اے نے حسین، حسن، نواز شریف اور شہباز شریف کو کلین چٹ دی، اور یہ کیس بانی پی ٹی آئی کا خود کا کھودا ہوا گڑھا ثابت ہوا۔
انہوں نے کہا کہ لیگی قیادت کو جیل میں ڈال کر ان کے خلاف 40 سال پرانے کیسز نکالے گئے، اور اگر یہ پیسہ پرائیویٹ تھا تو بند لفافہ کیوں لہرایا گیا؟ انہوں نے کہا کہ اگر یونیورسٹی بنانی تھی تو وزیراعظم اور گورنر ہاؤس میں بناتے، یہ ذاتی پیسہ نہیں تھا بلکہ بانی پی ٹی آئی کی ڈکیتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ لوہے پر سونے کا پانی چڑھانے سے وہ سونا نہیں بن جاتا۔
مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے دوسروں کو چور ڈاکو کہہ کر 190 ملین پاؤنڈ پر ڈاکہ ڈالا، جو پیسہ پاکستان کے عوام کا تھا اور قومی خزانے میں آنا تھا۔