نئی دہلی۔مسلسل ناقص کارکردگی اور شکستوں کے بعد دنیا کے سب سے امیر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے نیا کوچ مقرر کردیا ہے۔
چیمپئنز ٹرافی سے قبل بھارتی ٹیم اختلافات اور ناکامیوں کی وجہ سے تنقید کا شکار ہے۔ ایسے میں بھارتی کرکٹ بورڈ نے بڑے ٹورنامنٹ سے چند دن پہلے نیا بیٹنگ کوچ تعینات کر دیا، جس سے مزید سوالات نے جنم لیا ہے اور ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کے مستقبل پر شکوک پیدا ہوگئے ہیں۔
بھارتی کرکٹ بورڈ نے مشہور ناموں کو نظرانداز کرتے ہوئے گھریلو کرکٹ کے تجربہ کار کھلاڑی سیتانشو کوٹک کو نیا بیٹنگ کوچ مقرر کیا ہے۔ سوراشٹرا کے نمایاں کھلاڑی کو انگلینڈ کے خلاف ہوم وائٹ بال سیریز کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
بھارتی کوچنگ عملے میں اس وقت ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر، بولنگ کوچ مورنے مورکل، فیلڈنگ کوچ ٹی دلیپ، اور دو اسسٹنٹ کوچز، ابھیشیک نائر اور ریان ٹین ڈوشیٹ شامل ہیں۔ اب تک ٹیم کے پاس کوئی مستقل بیٹنگ کوچ موجود نہیں تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، سیتانشو کوٹک چیمپئنز ٹرافی سے پہلے بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے اپنی خدمات انجام دیں گے۔ بھارت 22 جنوری سے انگلینڈ کے خلاف پانچ ٹی20 اور تین ون ڈے میچز کھیلے گا۔
مزید جانیں: چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے بھارتی اسکواڈ کے اعلان کی متوقع تاریخ
دوسری جانب، چیمپئنز ٹرافی اور انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے بھارتی اسکواڈ کا اعلان آج کیا جائے گا۔ اس پریس کانفرنس میں ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر شریک نہیں ہوں گے، تاہم ٹیم کے کپتان روہت شرما اور چیف سلیکٹر اجیت اگرکر اسکواڈ کا اعلان کریں گے۔