بدھ کے روز وزارت خزانہ میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترسیلات زر 35 ارب ڈالر سے تجاوز کر جائیں گی، جبکہ برآمدات کے شعبے میں بھی مثبت رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔ ان کے مطابق، مہنگائی کی شرح ساڑھے چھ سال کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے، اور اسٹیٹ بینک نے مسلسل پانچویں بار پالیسی ریٹ میں کمی کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پالیسی ریٹ کا 13 فیصد پر آنا معیشت کے لیے خوش آئند ہے، جس سے کاروباری برادری کے اعتماد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ معیشت کے استحکام کے ساتھ ساتھ شرح نمو میں اضافہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ سیمنٹ کی فروخت میں بھی 5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے اجلاس کے دوران کہا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ایک ماہ قبل مہنگائی کا جائزہ لیا تھا اور آج کے اجلاس میں قیمتوں کو کم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ معاشی بہتری کا یہ سفر جاری رہے گا۔