اُبر انتظامیہ کے مطابق، بھارتی مقبوضہ کشمیر کی مشہور ڈل جھیل میں مسافروں کو لکڑی کی روایتی شکارا کشتیوں پر سفر کرنے کے لیے آن لائن بکنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ صارفین 12 گھنٹے یا 15 دن پہلے تک اپنی رائیڈ بک کر سکتے ہیں۔ ہر کشتی میں چار مسافروں کی گنجائش ہوگی اور یہ سروس روزانہ صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک ایک گھنٹے کی بکنگ کے لیے دستیاب ہوگی۔
اُبر کے جنوبی ایشیا کے صدر پربھجیت سنگھ نے کہا کہ اس سروس کا مقصد خطے میں سیاحت کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اُبر اس سے قبل اٹلی (وینس) اور دیگر یورپی ممالک میں بھی کشتی سروس فراہم کر رہی ہے، لیکن یہ ایشیا میں شروع ہونے والی اُبر کی پہلی آن لائن کشتی سروس ہے۔
ابتدائی طور پر اُبر کی فلیٹ میں 7 کشتیاں شامل ہیں، اور صارفین کی مانگ کے مطابق ان میں اضافہ کیا جائے گا۔ سیاحوں کے لیے منصفانہ قیمتوں کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پر عمل کیا جائے گا۔
یہ بھی اہم ہے کہ اُبر اپنے شکارا پارٹنرز سے کوئی کمیشن نہیں لے گی، تاکہ پورا کرایہ براہ راست کشتی چلانے والوں کو ملے۔