لاہور۔وزیرِاعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خاں نے قومی رضاکاروں کے معاشرتی بہبود میں کلیدی کردار کو اجاگر کیا۔ پنجاب ایمرجنسی سروسز اکیڈمی ریسکیو 1122 میں انٹرنیشنل والنٹیئرز ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کے روشن مستقبل کی بنیاد ہیں اور ان کی ترقی و خودمختاری وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کے لیے گرین یوتھ موومنٹ اور دیگر حکومتی منصوبوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ترقی یافتہ اقوام اپنی تاریخ کو فراموش نہیں کرتیں، اور ہمارا نوجوان پاکستان کی خوشحالی کی نوید ہے۔
رانا مشہود احمد خاں نے ریسکیو 1122 کو ایک مثالی ادارہ قرار دیتے ہوئے اس کی خدمات کو سراہا، جن میں ڈینگی کے دوران عوامی خدمت اور فوری ردعمل کے ذریعے 25,000 جانیں بچانا شامل ہے۔ انہوں نے ڈی جی ریسکیو 1122 ڈاکٹر رضوان نصیر کی قیادت اور خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
پنجاب کے وزیرِ صحت خواجہ سلمان رفیق، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے ڈپٹی ہیڈ ایلن تھوم، ڈاکٹر یحییٰ گلزار، ڈاکٹر عرفان، سجاد حفیظ اور دیگر مہمانوں کی موجودگی نے تقریب کی اہمیت کو مزید اجاگر کیا۔تقریب میں ڈاکٹر رضوان نصیر نے رضاکاروں سے خدمتِ انسانیت کے عزم پر حلف لیا، جبکہ 62 ریسکیو ٹیموں، بشمول چینی شرکائ ، نے اپنی مہارتوں کا مظاہرہ کیا۔