ریاض۔سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے عرب اسلامی سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیل کی جارحیت کو فلسطینیوں کی نسل کشی قرار دیا اور غزہ اور لبنان میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔
عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق، محمد بن سلمان نے فلسطینی ریاست کے قیام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فلسطین اقوام متحدہ میں مکمل رکنیت کے لیے اہل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب نے عالمی سطح پر دو ریاستی حل کے لیے روابط کو فروغ دینے کی کوششیں شروع کی ہیں۔
ولی عہد نے غزہ میں انسانی ہمدردی کے اداروں کے کام میں رکاوٹیں ڈالنے اور فلسطینی اتھارٹی کے کردار کو کم کرنے کی اسرائیلی کوششوں پر سخت تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی کارروائیاں غزہ میں انسانیت کے خلاف ہیں اور ان کو نسل کشی سے تعبیر کیا جا سکتا ہے۔
محمد بن سلمان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطین اور لبنان میں اسرائیلی کارروائیوں کو فوراً روکیں، اور اسرائیل کی جارحیت کو روکنے کے لیے ایک موثر قدم اٹھایا جائے۔ انہوں نے لبنان کی خود مختاری اور اس کی علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کرنے والی اسرائیلی فوجی کارروائیوں کی بھی مذمت کی۔
سعودی ولی عہد نے اس کے علاوہ اسرائیل کے ایران پر حملوں کی بھی سخت الفاظ میں مذمت کی اور عالمی برادری سے مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اسرائیل کو مزید جارحیت سے روکنے کا مطالبہ کیا۔