پیمرا نے بانی پی ٹی آئی کے نام کو ٹی وی چینلز پر نشر نہ کرنے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست پر تحریری جواب جمع کروا دیا ہے۔ پیمرا نے اپنے جواب میں کہا کہ اس نے بانی پی ٹی آئی کا نام نشر نہ کرنے کا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا۔
لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس فاروق حیدر کی سربراہی میں پی ٹی آئی کے اکمل خان باری کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ دورانِ سماعت پیمرا کی طرف سے عدالت میں ایک تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی، جس میں کہا گیا کہ پیمرا نے بانی پی ٹی آئی کا نام نشر نہ کرنے کے حوالے سے کوئی حکم جاری نہیں کیا، اور درخواست گزار کی طرف سے اس سلسلے میں کوئی قابلِ قبول ثبوت بھی پیش نہیں کیے گئے۔
پیمرا نے مزید کہا کہ درخواست گزار کی درخواست اس وقت پیمرا کے زیرِ سماعت ہے اور لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست غیر متعلقہ اور ناقابل سماعت ہے، لہٰذا عدالت سے درخواست کی گئی کہ وہ اس درخواست کو خارج کرے۔
درخواست گزار کے وکیل عدالت میں پیش نہیں ہوئے، تاہم ان کے معاون وکیل نے بتایا کہ درخواست گزار کے وکیل سپریم کورٹ میں مصروف ہیں۔ جس پر جسٹس فاروق حیدر نے کہا کہ “وہ کبھی بھی عدالت میں نہیں آئے، انہیں صرف درخواست دائر کرنا ہوتی ہے۔”
وفاقی حکومت کے وکیل نے بھی عدالت کو بتایا کہ پیمرا آرڈیننس کے تحت یہ درخواست سماعت کے قابل نہیں ہے۔ اس پر عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔
درخواست میں کہا گیا تھا کہ ٹی وی چینلز بانی پی ٹی آئی کا نام نشر نہیں کر رہے اور اس سے درخواست گزار کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے، اس لیے عدالت سے استدعا کی گئی کہ ٹی وی چینلز کو بانی پی ٹی آئی کا نام نشر کرنے کا حکم دیا جائے۔