نئی دہلی ۔بھارت کے معروف مرحوم گلوکار و ریپر سدھو موسے والا کے والدین نے حال ہی میں اپنے چھوٹے بیٹے شوبھ دیپ کی آٹھ ماہ بعد پہلی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے۔
انسٹاگرام پر اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے پوسٹ کی گئی اس تصویر میں ننھے شوبھ دیپ کو اپنے والد بلکار سنگھ کی گود میں مسکراتے ہوئے بیٹھا دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ ان کی والدہ چرن کور بھی ان کے ساتھ موجود ہیں۔
یاد رہے کہ سدھو موسے والا کے والدین، بلکار سنگھ اور چرن کور نے 17 مارچ 2024 کو اپنے بیٹے کو جنم دیا تھا، اور اب انہوں نے اپنے آٹھ ماہ کے بیٹے کی پہلی تصویر شیئر کی ہے۔
اس فیملی تصویر کے ساتھ پنجابی زبان میں کیپشن میں لکھا گیا ہے: “ان آنکھوں میں ایک خاص گہرائی ہے جو ہماری زندگی کی ہر حقیقت کو سمجھتی ہے۔ چہرے کی معصومیت اور الفاظ سے بالاتر ایک قیمتی چمک ہے، جو ہمیں ہمیشہ یہ یاد دلاتی ہے کہ وہ چہرہ جسے ہم نے کبھی آنسوؤں کے ساتھ خدا کے سپرد کیا تھا، اب ایک چھوٹی سی شکل میں ہمارے پاس واپس آ گیا ہے، جو خدا کی مہربانی اور تمام بھائیوں اور بہنوں کی دعاؤں سے نوازا گیا ہے۔ ہم ہمیشہ واہیگرو کے شکر گزار رہیں گے کہ انہوں نے ہم پر بے شمار برکتیں نازل کیں۔”
اس پوسٹ پر سوشل میڈیا صارفین نے دل سے محبت کا اظہار کیا ہے۔ کئی افراد نے یہ تبصرہ کیا کہ چھوٹا شوبھ دیپ اپنے بڑے بھائی سدھو موسے والا سے بہت مشابہہ نظر آ رہا ہے، اور کچھ نے تو کہا کہ “سدھو واپس آ گیا ہے، چھوٹا سدھو بڑے بھائی جیسا دکھتا ہے۔”