نوجوان کوہ پیما شہروز کاشف نے نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے 8 ہزار میٹر سے بلند تمام 14 چوٹیاں سر کرنے والے کم عمر ترین پاکستانی بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
شہروز کاشف سرباز خان کے بعد دوسرے پاکستانی ہیں جنہوں نے یہ کارنامہ انجام دیا۔ سرباز نے گزشتہ ہفتے شیشا پنگما سر کرکے یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔
شہروز کا ایٹ تھاؤزنڈر سر کرنے کا سفر 2019 میں شروع ہوا، جب انہوں نے صرف 17 سال کی عمر میں 8047 میٹر بلند براڈ پیک کو سر کیا، جس نے انہیں بین الاقوامی سطح پر مشہور کر دیا۔
سال 2021 میں، شہروز نے ماؤنٹ ایورسٹ، مناسلو اور کے ٹو کی چوٹیوں کو سر کیا۔ 2022 میں، انہوں نے کینچنجونگا، لوٹسے، مکالو، نانگا پربت، گیشر برم ون اور گیشر برم ٹو کی چوٹیوں کو بھی سر کیا۔
گزشتہ سال، انہوں نے اناپورنا، داولاگیری اور چو ایو کی چوٹیوں پر کامیابی حاصل کی، حالانکہ ایک حادثے کے باعث وہ شیشا پنگما کو سر کرنے سے محروم رہ گئے تھے۔ اگر وہ اس وقت شیشا پنگما کو سر کرنے میں کامیاب ہو جاتے تو وہ دنیا کے کم عمر ترین کوہ پیما بن جاتے جنہوں نے تمام 14 ایٹ تھاؤزنڈر سر کیں۔