اسلام آباد۔عالمی شہرت یافتہ مذہبی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کو داڑھی سے متعلق پوچھے گئے سوال کا دلچسپ جواب دیا ہے۔شاہ رخ خان اس بات کا اعتراف کر چکے ہیں کہ ان کے گھر میں نہ صرف اسلام بلکہ ہندو مذہب بھی فالو کیا جاتا ہے، اور ان کے گھر میں ایک مندر بھی موجود ہے۔ انہوں نے ہندو مذہب کی پیروکار خاتون گوری سے شادی کی ہے، جس کی وجہ سے ان کے ہاں ہندو ثقافت کا زیادہ اثر ہے۔
سوشل میڈیا پر ڈاکٹر ذاکر نائیک کے نادر علی کو دیے گئے پوڈ کاسٹ انٹرویو کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں نادر علی نے ان سے پوچھا کہ “شاہ رخ خان سے ملاقات پر کیا بات ہوتی ہے؟”ڈاکٹر ذاکر نائیک نے جواب دیتے ہوئے بتایا کہ “شاہ رخ خان نے آف دا کیمرا مجھ سے پوچھا تھا کہ اگر کوئی مسلمان داڑھی نہیں رکھتا تو کیا وہ جہنم میں جائے گا؟”
انہوں نے وضاحت کی کہ “داڑھی رکھنے یا نہ رکھنے کا تعلق اس بات سے ہے کہ آپ کسی امتحان میں پاس ہونا چاہتے ہیں، لیکن کتنے زیادہ نمبر سے پاس ہونا چاہتے ہیں، یہ آپ پر منحصر ہے۔ داڑھی رکھنا مسلمان مرد کے لیے لازمی ہے، لیکن اس کا نہ ہونا جہنم میں جانے کی ضمانت نہیں دیتا۔ اگر آپ داڑھی رکھیں گے تو جنت کا حصول آسان ہو جائے گا، یعنی امتحان میں اچھے نمبر ملیں گے۔”ڈاکٹر ذاکر نائیک نے مزید کہا کہ “میری اس بات پر شاہ رخ خان نے کہا کہ واہ، یہ کیا بہترین بات ہے جو آپ نے مجھے بتائی ہے۔”