ممبئی: بالی ووڈ کے میگا اسٹار سلمان خان کی سابق گرل فرینڈ، اداکارہ صومی علی نے ایک انٹرویو میں اپنی اور سلمان کی محبت کی کہانی کا انکشاف کیا ہے۔
صومی علی نے بتایا کہ وہ اس وقت دو کمروں کے ایک اپارٹمنٹ میں رہتی تھیں، جہاں سلمان خان پائپ کے ذریعے چڑھ کر ان سے ملنے آتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عمل انہیں بہت رومانی لگتا تھا۔
اداکارہ نے یہ بھی ذکر کیا کہ سلمان خان کی سنگیتا بجلانی سے شادی ہونے والی تھی، مگر ان کی اور سلمان کی دوستی کی وجہ سے سنگیتا نے اس شادی سے انکار کردیا۔ صومی نے بتایا کہ سنگیتا ان کے گھر آئیں اور انہیں اور سلمان کو ساتھ دیکھ کر وارننگ دی کہ سلمان کو کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔
سلمان خان نے اس موقع پر صومی سے 10 منٹ کا وقت مانگا اور پھر واپس آ کر انہیں بتایا کہ انہوں نے شادی سے انکار کردیا ہے کیونکہ وہ ان کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں، جسے صومی نے اپنی خوش قسمتی قرار دیا۔
صومی علی نے یہ بھی کہا کہ جب انہوں نے سلمان خان کو بتایا کہ انہیں اداکاری میں دلچسپی نہیں اور وہ صرف ان سے شادی کرنے کے لیے بھارت آئی ہیں، تو سلمان نے اس بات کو مذاق میں اڑا دیا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ سلمان خان سے شادی کے لیے بھارت آنا ان کی بیوقوفی تھی، اور بعد میں سلمان نے ان کا فون اٹھانا بھی بند کردیا۔