کرکٹ آسٹریلیا نے سابق سری لنکن کرکٹر اور کوچ دلیپ سماراویرا کو کوڈ آف کنڈکٹ کی سنگین خلاف ورزی پر 20 سال کے لیے کسی بھی عہدے پر فائز ہونے سے روک دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، کرکٹ آسٹریلیا کے کنڈکٹ کمیشن نے بتایا کہ سماراویرا نامناسب رویے میں ملوث پائے گئے ہیں اور انہوں نے ضابطہ اخلاق کے سیکشن 2.23 کی خلاف ورزی کی ہے۔ یہ الزامات اس وقت سامنے آئے جب کرکٹ وکٹوریہ کی ایک خاتون نے سماراویرا پر نا مناسب طرز عمل کا الزام لگایا۔
دلیپ سماراویرا نے 1993 سے 1995 تک سری لنکا کی قومی ٹیم کی نمائندگی کی، جہاں انہوں نے 7 ٹیسٹ اور 5 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے۔ انہیں 2008 میں کرکٹ وکٹوریہ میں بطور ماہر بیٹنگ کوچ شامل کیا گیا، اور گزشتہ سال نومبر میں خواتین کی ٹیم کا عبوری ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا تھا۔