ممبئی: بالی ووڈ کی معروف اداکارائیں رانی مکھرجی اور ایشوریا رائے بچن کی دوستی ٹوٹنے کی حیران کن وجہ سامنے آئی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق، ماضی میں ان دونوں اداکاراؤں کے درمیان گہری دوستی تھی، جو دبنگ اسٹار سلمان خان کے غصے کی وجہ سے متاثر ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق، 2003 میں ریلیز ہونے والی فلم “چلتے چلتے” میں شاہ رخ خان کے ساتھ ایشوریا رائے کو کاسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، لیکن بعد میں انہیں تبدیل کر کے رانی مکھرجی کو کاسٹ کیا گیا۔ یہ تبدیلی اس وقت ہوئی جب سلمان خان نے فلم کے سیٹ پر ہنگامہ برپا کر دیا، جس کے نتیجے میں پروڈیوسر اور ہیرو شاہ رخ خان نے فیصلہ کیا کہ ایشوریا کی جگہ رانی کو لیا جائے۔
جب ایشوریا کو اس بارے میں معلوم ہوا تو انہیں محسوس ہوا کہ رانی نے انہیں دھوکہ دیا ہے، جس کے باعث دونوں کے درمیان تعلقات خراب ہوگئے۔ رانی نے کرن جوہر کے شو “کافی ود کرن” میں اس معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اور ایشوریا کے درمیان کوئی مسئلہ نہیں ہے، بلکہ شاید ایشوریا کو ان سے کوئی مسئلہ ہے، کیونکہ انہوں نے رانی سے بات کرنا بند کر دیا ہے۔
رانی نے مزید کہا کہ اگر کبھی ان کا آمنا سامنا ہوا تو امید ہے کہ سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا اور وہ ایک دوسرے سے بات کریں گی۔