اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان نے آزادی کی 77 ویں سالگرہ پر بلوچستان حکومت کو زمین کا تحفہ دیا۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے چیف سیکرٹری بلوچستان کے ذریعے صوبائی حکومت کو یہ زمین ارسال کی
خط میں بیان کیا گیا ہے کہ ہم زیارت میں قائد اعظم ریزیڈنسی کے قریب 31 ہزار 680 مربع فٹ زمین جو ہمارے پاس موجود ہے، اسے عوامی فائدے کے لیے ایک ماحولیاتی مرکز کے طور پر استعمال کرنے کے لیے عطیہ کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔
چیف جسٹس نے ایک خط کے ذریعے ضلع زیارت میں اپنی 31 ہزار 680 مربع فٹ زمین حکومت کو وقف کرنے کا اعلان کیا۔
خط میں مزید کہا گیا کہ ہم اس ضمن میں اس کا لائسنس بغیر کسی معاوضے کے حکومت بلوچستان کو دینے کی خواہش رکھتے ہیں، اور ہم نے لائسنس کی شرائط و ضوابط سے متعلق دستاویزات بھی منسلک کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکومت اس پر رضا مندی ظاہر کرتی ہے تو ہم اس تحفے کو 14 اگست 2024 کے خوشی کے دن پیش کرنا چاہتے ہیں۔
موسمیاتی مرکز کے لیے اراضی عطیہ کرنے کے سلسلے میں لکھے گئے خط پر قاضی عظمت عیسیٰ اور چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے دستخط ہیں۔
خط کی کاپیاں صدر پاکستان، وزیر اعظم پاکستان، حکومت بلوچستان اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کو بھی بھیج دی گئی ہیں۔