فرانسیسی لگژری برانڈ کوپرنی کی جانب سے متعارف کرائی گئی انوکھی جینز نے فیشن کی دنیا میں حیرت کی لہر دوڑا دی ہے۔
اگرچہ فیشن نت نئے انداز اپنانے کا نام ہے، لیکن بعض اوقات کچھ ایسے منفرد ڈیزائن سامنے آتے ہیں جو لوگوں کو الجھن میں ڈال دیتے ہیں اور انہیں عام مارکیٹ میں فروخت کرنا ایک چیلنج بن جاتا ہے۔
اسی نوعیت کا ایک حیران کن فیشن ٹرینڈ اس وقت سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے—ایک ٹانگ والی جینز، جس کی قیمت 440 ڈالر (تقریباً 1 لاکھ 23 ہزار پاکستانی روپے) مقرر کی گئی ہے۔
کوپرنی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات میں کہا گیا کہ یہ جینز کلاسک ڈینم اسٹائل کو ایک نئی جہت میں پیش کرتی ہے۔
مشہور فیشن انفلوئنسر کرسٹی سارہ نے اس غیر روایتی جینز کو پہن کر آزمایا اور انسٹاگرام پر اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ یہ ممکنہ طور پر انٹرنیٹ کی سب سے زیادہ متنازعہ جینز ثابت ہو سکتی ہے۔
یہ جینز سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بنی ہوئی ہے، جہاں کچھ لوگ اسے جدید فیشن قرار دے رہے ہیں، جبکہ دیگر صارفین اسے بے معنی تجربہ کہہ کر مسترد کر رہے ہیں۔