اسلام آباد ۔خواتین کے عالمی دن کے موقع پر میں پاکستان کی تمام خواتین کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ جو زندگی کے ہر میدان میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔ خواتین نے ہمیشہ اپنی صلاحیتوں اور حوصلے سے دنیا کو حیران کن کامیابیاں دکھائی ہیں۔ قومیں خواتین کے بغیر کبھی بھی ترقی نہیں کر سکتی۔ پاکستان کی خواتین نے ہر شعبہ زندگی میں اپنی محنت اور عزم سے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ کسی بھی چیلنج کا سامنا کرنے کی مکمل طاقت رکھتی ہیں۔ عالمی یوم خواتین کے موقع پر میں ہر پاکستانی خاتون کی کامیابیوں کا اعتراف کرتا ہوں۔ آپ کی کامیابیاں ہماری قوت ہیں۔ آپ ہمارے معاشرے کی بنیاد ہیں، اور آپ ہی ہمارے مستقبل کی تعمیر کر رہی ہیں۔ وزیر اعظم یوتھ پروگرام خواتین کو نہ صرف نئے مواقع فراہم کرنے کی کوشش کر رہا ہے بلکہ ان کی رہنمائی اور حقوق کے تحفظ کے لیے ہمیشہ مصروف عمل ہے۔ وزیر اعظم یوتھ پروگرام خواتین کو اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے مساوی مواقع فراہم کررہا ہے، چاہے وہ آئی ٹی سے منسلک ہوں ، ایجو کیشن یا سکلز سے منسلک ہو ،کاروبار کے متعلق ہوں یا کھیلوں کے مقابلے ہوں پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام ہر فیلڈ میں آپ کے ساتھ ہے،آپ کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ آپ کی صلاحیتیں لا محدود ہیں۔ آپ تعلیم ، صحت ، ٹیکنالوجی، اور ہر شعبے میں اپنا لوہا منوا سکتی ہیں۔ آگے بڑھیں اور دنیا کو دکھا دیں آپ کر سکتی ہیں اور کر کے دکھائیں گی۔