دوحا۔جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حماس کے رہنماؤں کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے جماعتی کارکنوں اور پاکستانی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مشکل گھڑی میں فلسطینی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں اور ان کی ہر ممکن مدد کریں۔
جے یو آئی کے ترجمان کے مطابق، مولانا فضل الرحمان کی قطر میں حماس کے رہنماؤں سے اہم ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ آج ان کی ملاقات حماس کے سابق سربراہ ڈاکٹر خالد مشعل سے ہوئی۔
ترجمان نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمان نے حماس رہنماؤں کو پاکستانی عوام کے جذبات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام کے دل ہمیشہ اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے فلسطینی شہدا کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام مسلسل انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ فلسطینی عوام کو خوراک، ادویات اور پناہ کے لیے خیموں کی اشد ضرورت ہے، اور امت مسلمہ کو اس کڑے وقت میں ان کی مدد کے لیے آگے بڑھنا چاہیے۔
ترجمان کے مطابق، مولانا فضل الرحمان نے حماس قیادت کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور جے یو آئی کے کارکنان اور عوام سے اپیل کی کہ وہ فلسطینی بھائیوں کی بھرپور مدد کریں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز مولانا فضل الرحمان کی ملاقات حماس کی مرکزی مجلس شوریٰ کے سربراہ ابو عمر سے ہوئی تھی، جس میں علامہ راشد محمود سومرو، مفتی ابرار احمد اور حماس رہنما ڈاکٹر ظہیر ناجی بھی شریک تھے۔