اسلام آباد۔حکومتِ پاکستان نے وفاقی کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت نئے وزراء کی حلف برداری 27 یا 28 فروری 2025 کو ایوانِ صدر میں متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ہونے والی اس توسیع میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان اور حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے اراکین شامل کیے جائیں گے۔
مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے ممکنہ وزراء میں حنیف عباسی، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، طلال چوہدری، اور افضل کھوکھر کے نام زیرِ غور ہیں۔ ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے مصطفیٰ کمال، بیرسٹر عقیل، اور حزیفہ رحمان کی شمولیت متوقع ہے۔ مزید برآں، عبد الرحمان کانجو اور سردار یوسف، جو پچھلی حکومت میں بھی وفاقی وزراء رہ چکے ہیں، دوبارہ کابینہ کا حصہ بن سکتے ہیں۔ ڈاکٹر توقیر شاہ کو وزیراعظم کا مشیر مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔
مسلم لیگ (ن) کی سیالکوٹ سے خاتون رکنِ اسمبلی نوشین افتخار، رومینہ خورشید عالم، رضا حیات ہراج، اور چوہدری ریاض کی کابینہ میں شمولیت پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق، وفاقی کابینہ کے نئے اراکین کی حلف برداری کی تقریب 27 یا 28 فروری کو ایوانِ صدر میں منعقد ہوگی۔