اسلام آباد ۔سپریم کورٹ میں 9 مئی سانحہ کے ملزمان کی ضمانتیں منسوخ کرنے کے لیے دائر اپیلیں سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی ہیں۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ 27 فروری کو کیس کی سماعت کرے گا، جس میں جسٹس شفیع صدیقی اور جسٹس گل حسن اورنگزیب شامل ہوں گے۔ پنجاب حکومت نے ان ضمانتوں کی منسوخی کے لیے عدالت سے رجوع کر رکھا ہے۔
اس کے علاوہ، بانی پی ٹی آئی کی قبل از گرفتاری ضمانت کی بحالی کے خلاف اپیل اور ان کے جسمانی ریمانڈ کی منسوخی کے خلاف اپیلیں بھی سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی ہیں، جن پر 27 فروری کو سماعت ہوگی۔
پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ اور شہریار آفریدی کی ضمانت منسوخی کے لیے دائر اپیلیں بھی سپریم کورٹ میں مقرر کر دی گئی ہیں، جن پر 28 فروری کو چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ سماعت کرے گا۔
علاوہ ازیں، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی جی ایچ کیو حملہ کیس میں بریت کی درخواست بھی 28 فروری کو سنی جائے گی۔ ٹرائل کورٹ اور ہائی کورٹ نے پہلے ہی شیخ رشید کی بریت کی درخواست مسترد کر دی تھی۔