اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت بین الاقوامی سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینے کے لیے مستحکم اور طویل المدتی پالیسی فریم ورک کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، وزیر خزانہ نے ترکیہ کے ایک اعلیٰ سطحی وفد کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت اقتصادی پالیسیوں میں استحکام اور سرمایہ کاری کے موافق ماحول فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے تاکہ بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مضبوط ہو۔
بیان میں واضح کیا گیا کہ ترکیہ کے وفد نے، جس کی قیادت انادولو گروپ کے صدر برائے کارپوریٹ امور، مواصلات اور پائیداری، اتیلا یرلکایا کر رہے تھے، وزیر خزانہ سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں کوکا کولا ایشیجک کے چیف آپریٹنگ آفیسر (سی ای او) احمد کورشاد ایرتن اور کوکا کولا ایشیجک پاکستان کے جنرل منیجر سنائے سانلی بھی شریک تھے۔
وزارت خزانہ کے مطابق، ترک وفد نے وزیر خزانہ کو پاکستان میں کوکا کولا ایشیجک کی موجودہ سرمایہ کاری کے بارے میں آگاہ کیا اور مستقبل میں سرمایہ کاری کے مزید امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔
ترک وفد نے پاکستان کی منڈی میں اپنی طویل المدتی وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے ملکی معیشت میں استحکام کے حکومتی اقدامات کو سراہا اور سرمایہ کاری کے لیے بہتر ماحول کی فراہمی پر اعتماد کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر خزانہ نے ترک وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کی اقتصادی ترقی، صنعتی سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع میں ترک کمپنیوں، خاص طور پر کوکا کولا ایشیجک، کے اہم کردار کو تسلیم کیا۔
انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت پائیدار اقتصادی پالیسیوں کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مزید سہولیات فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے تاکہ ملک میں بین الاقوامی تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔
ملاقات کے دوران، دونوں فریقین نے پاکستان میں کاروباری ماحول کو مزید سازگار بنانے کے لیے مختلف پالیسی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا اور دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ علاوہ ازیں، دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری اور تجارتی شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔
- صفحہ اول
- تازہ ترین
- پاکستان
- بین الاقوامی
- جڑواں شہر
- سپورٹس
- شوبز
- سی پیک
- کاروبار
- سرمایہ کاری
- رئیل سٹیٹ
- تعلیم
- صحت
- کشمیر
- ٹیکنالوجی
- آٹو
- موسمیاتی تبدیلی
- اوورسیز پاکستانی
- یوتھ کارنر
- عجیب و غریب
- کالم
تازہ ترین معلومات کے لیے سبسکرائب کریں
آرٹ، ڈیزائن اور کاروبار کے بارے میں فو بار سے تازہ ترین تخلیقی خبریں حاصل کریں۔