بیجنگ۔چین نے دنیا کی پہلی فضائی موٹر بائیک سے پردہ اٹھا دیا ہے، جو 60 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے پرواز کر سکتی ہے۔
چینی کمپنی رکٹر کی جانب سے متعارف کرائی گئی اس بائیک کا غیر معمولی نمونہ ظاہر کرتا ہے کہ یہ کس طرح ٹرانسپورٹ کے شعبے میں انقلاب لا سکتی ہے۔
اسکائی رائیڈر ایکس 1 نامی یہ بائیک صرف ایک بٹن کے دبانے سے سڑک سے آسمان اور آسمان سے سڑک پر اتر سکتی ہے۔
جب یہ سڑک پر ہوگی، تو یہ ایک برقی بائیک کی طرح چلائی جا سکے گی، لیکن جیسے ہی اس کے چاروں بازو کھولے جائیں گے، یہ ایک فضائی بائیک میں بدل جائے گی۔ پنکھے چلنے کے بعد سوار کو اپنی منزل کا تعین کرنا ہوگا اور بائیک اسے اڑا کر وہاں تک پہنچا دے گی۔
یہ سواری دو مختلف ورژن میں دستیاب ہوگی:
- کم قیمت والا ایکس 1 ایس ایل ورژن، جو فضاء میں 25 منٹ تک پرواز کر سکے گا۔
- زیادہ قیمت والا ایکس 1 ایس ایکس ورژن، جس میں بڑی بیٹری نصب ہوگی اور یہ 40 منٹ تک پرواز کر سکے گا۔
اس بائیک میں ایمرجنسی پیراشوٹ بھی نصب ہے، تاکہ کسی ہنگامی صورت حال میں سوار کی حفاظت کی جا سکے۔