اسلام آباد ۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی “پاک آئی ڈی” ویب سائٹ کو بند کرنے اور تمام خدمات موبائل ایپ پر فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 17 جنوری (بروز جمعہ) سے پاک آئی ڈی ویب سائٹ کو بند کر دیا جائے گا اور نادرا کی تمام خدمات اب موبائل ایپ پر دستیاب ہوں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ آزاد جموں و کشمیر، گوادر اور گلگت بلتستان میں تین نئے ریجنل سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔
محسن نقوی نے وضاحت کی کہ پاک آئی ڈی ویب سائٹ کے استعمال میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو خاصی مشکلات پیش آتی تھیں۔
وزیر داخلہ نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ ویب سائٹ پر انگلیوں کے نشانات اور دستاویزات کو اسکین کرکے اپ لوڈ کرنا مشکل ہوتا تھا اور جعلساز عناصر جعلی ویب سائٹس کے ذریعے شناختی دستاویزات بنانے کا دھندہ کر رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ شہریوں کی ذاتی معلومات کا غلط استعمال کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی، اس لیے ویب سائٹ کو 17 جنوری سے بند کیا جا رہا ہے۔
محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ نے جعلساز عناصر کے خلاف سخت اقدامات شروع کیے ہیں، اور نادرا دیگر اداروں کے ساتھ مل کر ان کے خلاف کارروائی کر رہا ہے۔ نادرا کی موبائل ایپ کو مزید بہتر بنایا گیا ہے اور کل سے شہری اس ایپ کا استعمال کریں گے۔