کراچی۔کراچی کے ایک انٹرمیڈیٹ لیول کے طالبعلم نے امتحانی کاپی میں ایک ہزار روپے کا نوٹ رکھ کر ساتھ ہی یہ تحریر لکھ دی کہ پلیز مجھے پاس کردیں۔ ’میری گنجائش ایک ہزار روپے دینے کی ہی ہے،چیئرمین انٹرمیڈیٹ تعلیمی بورڈ شرف علی شاہ نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ امتحانی پرچوں میں اس طرح کے واقعات سامنے آتے ہیں لیکن یہ ایک انوکھا واقعہ تھا جس میں طالب علم نے ہزار رروپے کا نوٹ رکھا ، کچھ طلبا و طالبات نے جوابی کاپی پر صرف گانے، کہانیاں اور سوالنامہ ہی لکھا تھا۔انہوں نے مزید کہاکہ میں نے چیئرمین بورڈ کا چارج لیتے ہی نتائج کی تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے، جس میں ماہر مضامین کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ ایک پرنسپل کنونیئر ہیں۔شرف علی شاہ نے کہاکہ طلبا و طالبات کے ساتھ کوئی ناانصافی نہیں ہوگی، ہم نے اس حوالے سے ایک شکایتی سیل بھی بنا دیا ہے۔واضح رہے کہ انٹرمیڈیٹ بورڈف کراچی کے تحت گیارہویں جماعت کے نتائج آنے کے بعد طلبا و طالبات اور والدین سمیت سیاسی جماعتوں کی جانب سے بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا، جس کے بعد بورڈ نے ایسا کرنے والے طلبہ کے لیے اسکروٹنی فیس میں 50 فیصد کمی کی ہے۔