لاہور۔وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ 2014ءسے جاری گھٹیا مہم کے باوجود مریم نواز ہر گزرتے دن کے ساتھ مقبول اور طاقتور ہو رہی ہیں۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز بچوں کو الیکٹرک بائیکس کے بعد اسکالر شپ دے رہی ہیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جو مریم نواز کی کارکردگی کا مقابلہ نہیں کر سکتے وہ اُن پر کیچڑ اچھالنے میں لگے ہیں، ملک کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو معافیاں اور این آر او نہیں ملتے۔ن لیگی رہنما نے کہا کہ چور دروازوں سے اقتدار پر قابض ہونے والے قوم کے بچوں کے ہاتھ میں پیٹرول بم اور غلیلیں تھماتے ہیں، 9 مئی اور 26 نومبر کی ناکام بغاوتیں نوجوانوں کی برین واشنگ کا نتیجہ ہیں۔عظمیٰ بخاری نے یہ بھی کہا کہ نوجوانوں کو خود فیصلہ کرنا ہے کہ ان کو اپنا روشن مستقبل چاہیے یا ایک شخص کی اقتدار کی ہوس کا ایندھن بننا ہے۔