چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ڈی چوک سے لاپتا ہونے والے 200 افراد کی فہرست تیار کر لی گئی ہے، اور یہ رپورٹ عمران خان کو پیش کی جائے گی۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ڈی چوک احتجاج کے دوران لاپتا ہونے والے 200 افراد کی فہرست مرتب کی ہے، اور اس پر پارٹی کا کام جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس معاملے کو ہر فورم پر اٹھایا جائے گا اور اس کی رپورٹ بانی پی ٹی آئی کو دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا 2019 میں مدارس کی رجسٹریشن کے معاہدے پر موقف درست تھا اور تحریک انصاف آج بھی اس معاہدے پر قائم ہے۔ ان کے مطابق مدارس میں بچوں کو جدید تعلیم دینی چاہیے اور ان کی رجسٹریشن ضروری ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ فیصل واوڈا اکثر متنازعہ بیانات دیتے ہیں، لیکن میں ان کے کسی بیان کا جواب نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ سب کو بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے کوشش کرنی چاہیے کیونکہ ان کی زندگی ہمارے لیے بہت اہم ہے۔
جب صحافی نے سوال کیا کہ ڈی چوک احتجاج میں جانی نقصان کم ہوا تھا مگر جھوٹ زیادہ پھیلایا گیا، تو بیرسٹر گوہر نے جواب دیا کہ یہ معلومات مختلف انداز میں پیش کی گئی تھیں، پہلے 8 افراد کی بات کی گئی، پھر 12 ہو گئے۔
احتجاج میں جاں بحق افراد کی تعداد پر علیمہ خان سے اختلاف کے سوال پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وہ پارٹی کے موقف کو سامنے رکھتے ہوئے ذمہ دارانہ بیان دیتے ہیں اور اس میں کور کمیٹی اور دیگر قیادت کے ساتھ مکمل مشاورت کے بعد بیان جاری کرتے ہیں۔