راولپنڈی ۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے عراق کے وزیر اعظم اور وزیر دفاع سے ملاقات کی ہے، جس میں دفاعی تعاون اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، جنرل ساحر شمشاد مرزا سرکاری دورے پر عراق میں موجود ہیں اور اس دوران ان کی عراقی قیادت کے ساتھ مختلف ملاقاتیں ہو رہی ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، جنرل ساحر شمشاد مرزا کی ملاقاتیں عراقی وزیر اعظم محمد شیعہ السودانی، وزیر دفاع، وزیر داخلہ اور چیف آف ڈیفنس فورسز سے بھی ہوئی ہیں۔
ان ملاقاتوں میں سلامتی، دفاعی تعاون، اور موجودہ علاقائی صورتحال سمیت دیگر اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے پاکستان اور عراق کے درمیان فوجی تعاون کو مزید فروغ دینے اور دفاعی تعلقات کو مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو عراقی مسلح افواج کے ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر چاق و چوبند فوجی دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ عراقی قیادت نے پاکستان کی مسلح افواج کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں کو سراہا اور ان کی پیشہ ورانہ مہارت کو بھی قدر کی نگاہ سے دیکھا۔