اسلام آباد۔سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ عمران خان کا ٹویٹر اکاؤنٹ منظم پروپیگنڈا کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے اور عمران خان خود اپنا ٹویٹر ہینڈل نہیں چلا رہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ایکس‘‘ پر فیصل واوڈا نے کہا کہ یہ وہی پروپیگنڈا کمپین ہے جس کا وہ بار بار ذکر کر رہے ہیں، جس میں بی بی، اس کے حواری اور قاسم سوری جیسے لوگ شامل ہیں، جنہوں نے عمران خان کو پاگل قرار دینے سے لے کر انہیں مارنے کی سازش تک کی تھی۔ یہ سب لوگ مل کر پی ٹی آئی کے بانی کو ایک ایسی دلدل میں دھکیل رہے ہیں جس سے اس کی واپسی ممکن نہیں ہوگی۔
فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ گزشتہ روز اسٹیبلشمنٹ کے خلاف ایک جان بوجھ کر گھٹیا ٹویٹ لکھا گیا تھا، جو عمران خان نے نہیں، بلکہ باہر بیٹھے سازشیوں نے لکھا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ایک اچھا اور مثبت فیصلہ کیا تھا کہ حکومت سے بات چیت کی جائے اور سڑکوں کے بجائے اسمبلیوں کی طرف رخ کیا جائے۔ فیصل واوڈا نے مشورہ دیا کہ عمران خان کے ٹویٹر اکاؤنٹ کو عارضی طور پر نظر انداز کیا جائے، ورنہ اس سے مزید نقصان ہو سکتا ہے۔